تحریک آزادی کشمیرمیں خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ حصہ لیا ہے، صائمہ سلیمان

October 23, 2017

برمنگھم( پ ر) تحریک آزادی کشمیرمیںکشمیری خواتین نے مردوںکے شانہ بشانہ حصہ لیایہی وجہ ہے کہ بھارت کی قابض فوج نے عورتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان خیالات کااظہار برٹش کشمیری ویمن کونسل کی کنوینر صائمہ سلیمان نے ایک اجلاس میںکیا۔اجلاس کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر لندن میں ہونے والے مظاہرہ کی حمایت میں بلوایا گیا تھا۔صائمہ سلیمان نے کہا کہ برٹش کشمیری ویمن کونسل اس مظاہرہ میں بھرپور شرکت کرے گی اور ہم اپنی بہنوں اور بھائیوں کو مقبوضہ کشمیر میں یہ پیغام دیںگی کہ کشمیر کی جدوجہد میں ہم تمہارے ساتھ ہیں،بھارت کی ظالم فوج جو ظلم وہاں کررہی ہے ہم اس کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گی۔ صائمہ سلیمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جو عورتوں اور بچوں پرظلم کرنے کا حکم دے رہا ہے۔ عفت کرامت نے کہا کہ تاریخ اس بات پر گواہ ہے کہ کشمیر کی آزادی میں عورتوں کا مرکزی کردار ہے وہ بھارت کی قابض فوج کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتی ہیں۔ الماس غزالہ رحمن، انیکا مالک اور دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا۔