پاکستان کی شورش زدہ علاقوں میں روایتی ہتھیاروں کی بڑھتی منتقلی پر تشویش

October 23, 2017

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے شورش زدہ علاقوں میں روایتی ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی منتقلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقائی توازن خطرے میں پڑ جائے گا۔ یہ بات جینوا میں اقوام متحدہ کے لئے پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل نے جنرل اسمبلی کے عدم پھیلائو اور بین الاقوامی سلامتی کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشکلات پیدا کرنے والے رجحانات بالخصوص جنوبی ایشیا میں نظر آرہے ہیں جہاں ایک ملک کے بھاری فوجی اخراجات کے اثرات دوسرے ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ فرخ عامل نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سٹرٹیجک استحکام کے قیام کیلئے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ تو خطے میں اسلحے کی دوڑ میں شامل ہے اور نہ ہی اس کا خواہاں ہے۔