امریکی وزیر خارجہ کابل پہنچ گئے ، کل پاکستان آئیں گے

October 23, 2017

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن افغانستان کے دورے پر کابل پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدارتی محل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے،وہ کل پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آئیں گے ۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن غیر اعلانیہ دورے پر دوحہ سے کابل پہنچے ہیں،صدر اشرف غنی سے ملاقات میں انہوں نے افغانستان میں امن، استحکام اور طویل مدتی خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔

افغان صدر سے ملاقات کے دوران ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے خطے کے اتحادیوں سے مل کر کام کرنا ہے ،یہ امریکا کی نئی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کی نئی امریکی حکمت عملی میں افغان حکومت اور خطے کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن قائم کرنے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لیے کام کرنا ہے جو امن مقاصد کے لیے خطرہ ہیں۔

اس موقع پر صدر غنی نے انہیں نئی امریکی حکمت عملی میں تعاون کا یقین دلایا اور افغان عوام کی سلامتی، تحفظ اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کل پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ اپنے ایک روزہ دورے میں پاکستان کی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، اس اعلیٰ سطح کے دورے سے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے امکانات ہیں۔