مردم شماری کے نتائج کا جائزہ لینے کیلئے کمیشن قائم کیا جائے

October 24, 2017

لندن (پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ و یورپ کے جوائنٹ سیکرٹری عمران خان، یوکے و یورپ کے میڈیا کوآرڈینیٹر مرزا فیصل محمود اور شعبہ خواتین پی ایس پی مڈ لینڈ کی صدر زبیدہ خانم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج پر جس طرح سے تنقید ہورہی ہے ہمارے اداروں کو ان تنقید کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ 26ملین روپیہ کی خطیر رقم مردم شماری پر خرچ کیے جانے کے باوجود حقیقت پر مبنی شفاف نتائج کیوں نہیں سامنے آئے۔ اطلاعات کے مطابق ایک بڑی تعداد میں لوگوں کو اس مردم شماری میں شامل نہیں کیا گیا، جس سے جہاں ایک طرف عوام میں احساس محرومی جنم لے گا وہیں شامل نہ کیے گئے افراد ملکی وسائل پر بوجھ بنیں گے، کیونکہ وسائل کی تقسیم مردم شماری کے نتائج کے تحت کی جاتی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی یوکے و یورپ کے ان رہنمائوں نے مزید کہا کہ جس طرح کراچی کی آبادی کو اس مردم شماری میں دکھایا گیا ہے اس سے ان طاقتوں کو پروپیگنڈہ کا موقع ملے گا جو کراچی کی سیاست کو گزشتہ30سال سے استعمال کررہے ہیں۔ ان رہنمائوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مردم شماری سپریم کورٹ کے آرڈر کے تحت کرائی گئی ہے۔ لہٰذا سپریم کورٹ مردم شماری کے نتائج کی تحقیقات اور توثیق کرنے کے لیے آزادانہ کمیشن مقرر کرے۔