کاتالونیا، علیحدگی پسند رہنمائوں کی سول نافرمانی کی دھمکی

October 24, 2017

بارسلونا(جنگ نیوز) کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں نے دھمکی دی ہے کہ وہ اسپین کی حکومت کے خلاف سول نافرمانی شروع کر سکتے ہیں۔ اسپین کی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کاتالونیا کی علاقائی پارلیمان تحلیل کرتے ہوئے تمام تر انتظامی اختیارات اپنے ہاتھوں میں لے سکتی ہے، جب کہ دوسری جانب کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں نے دھمکی دی ہے کہ وہ علاقے میں سول نافرمانی کا اعلان کر سکتے ہیں۔کاتالونیا کی علیحدگی پسند جماعتوں نے جمعرات کو ایک بڑے اجلاس کا اعلان کیا ہے، جس میں میڈرڈ حکومت کے اقدامات کے ردعمل پر بات کی جائے گی اور اس کے بعد کوئی حتمی اعلان کیا جائے گا۔علیحدگی پسند جماعتوں کی جانب سے اس اجلاس کے بعد یک طرفہ طور پر اعلان آزادی کیا جا سکتا ہے اور اسی تناظر میں کاتالونیا کی علاقائی حکومت اور اسپین کی مرکزی حکومت کے درمیان سخت تناؤ پایا جاتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسپین میں کئی دہائیوں کے اس شدید ترین سیاسی بحران میں رواں ہفتے انتہائی نازک ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس صورت حال میں سرکاری ملازمین خصوصاً فائرفائٹرز، اساتذہ اور طلبہ پھنس کر رہ گئےہیں، جہاں ایک طرف علاقائی حکومت ہے اور دوسری جانب مرکزی۔اسپین کی سینیٹ جمعے کے روز اپنے اجلاس میں کاتالونیا کی محدود علاقائی خودمختاری معطل کرنے کی حکومتی تجاویز کی منظوری دے سکتی ہے۔اسپین کے نائب وزیراعظم سورایا سانیز ڈی سانتاماریا نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک کاتالان کے صدر کارلیس پوگے موں کو برطرف کیا جا سکتا ہے۔ ’’وہ اس کے بعد کسی بھی طرح کے احکامات جاری نہیں کر سکیں گے۔ وہ فیصلے نہیں کر سکیں گے اور انہیں تنخواہ ملنا بھی بند ہو جائے گی۔‘‘