بینک آف خیبر کا قائمقام ایم ڈی تعینات کر دیا گیا

October 24, 2017

پشاور(ارشد عزیز ملک) تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے میرٹ کے برعکس بینک آف خیبر کے جونیئر ترین افسر شہباز جمیل کو قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے ‘ اس حوالہ سے سیکرٹری خزانہ نے اعلامیہ جاری ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔محمد شہباز جمیل10ماہ قبل 13دسمبر 2016ء کو بینک میں ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ بھرتی ہوئے تاہم ان کے دیگر بینکوں میں ای وی پی کے تجربے کو بھی سنیارٹی کا حصہ بنا کر انہیں سینئر ترین افسر قرار دیدیا گیا‘ سیکرٹری خزانہ شکیل قادر نے تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائمقام ایم ڈی کی تقرری کیلئے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کے عہدے پر پانچ سال کا تجربہ ضروری ہے ‘ صرف شہباز جمیل ہی اس معیار پر پورا اترتے تھے جبکہ شبیر شیخ بینک کے سینئر ترین افسر ہیں لیکن وہ ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کے عہدے پر پانچ سالہ تجربہ نہیں رکھتے لہٰذا شہباز جمیل کو قائمقام ایم ڈی تعینات کر دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ Fit & Properکے اصول کے تحت تقرری کا جائزہ لے سکے‘انہوں نے مزید بتایا کہ نئے ایم ڈی کی تقرری بہت جلد کر دی جائے گی جس کیلئے 39کے قریب درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ‘ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے‘بینک آف خیبر میں قائمقام ایم ڈی کا عہدہ 25روز سے خالی ہے‘ سابق ایم ڈی شمس القیوم 29ستمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تاہم سنیارٹی کے معاملے پر تنازعہ کے باعث قائمقام ایم ڈی کی تقرری میں 25روز کی تاخیر ہوئی ‘دستاویزات کے مطابق بینک آف خیبر نے محکمہ خزانہ سے قائمقام ایم ڈی کی تقرری کیلئے رابطہ کیا جس پر محکمہ خزانہ نے 26ستمبر کو لیٹر نمبر 1-1(F/L)FD/2017/VOL/VIIکے ذریعے بینک سے سنیارٹی کے تحت افسروں کی فہرست طلب کی‘ دستاویز کے مطابق محمد شہباز 13دسمبر 2016ء کو بینک میں ای وی پی بھرتی ہوئے جبکہ سنیارٹی میں ای وی پی کی پوسٹ پر اگست 2006ء سے ظاہر کیاگیا یوں ان کے دیگر بینکوں میں تجربے کو سنیارٹی کا حصہ بنا کر انہیں سینئر ترین افسر قرار دیاگیا‘ بینک کے سینئر ترین ای وی پی شبیر احمد شیخ کو سنیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبر پر ظاہر کیاگیا حالانکہ وہ 2جولائی 1992ء کو بینک میں بھرتی ہوئے اور یکم جنوری 2013ء کو ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کے عہدے پر تعینات ہوئے‘ بینک کے دوسرے سینئر ترین افسر محمد یاسین چوہدری کو سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر رکھاگیا حالانکہ وہ 9فروری 2004ء کو بھرتی ہوئے اور یکم جنوری 2013ء کو ای وی پی کے عہدے پر تعینات ہوئے ‘ سنیارٹی لسٹ میں ایک اور سینئر افسر کو چوتھے نمبر پر رکھا گیا حالانکہ مذکورہ افسر محمد عاطف 16نومبر 2015ء کو بھرتی ہوئے جبکہ 16نومبر 2015ء کو ای وی پی کے عہدے پر تعینات ہوئے ‘’’جنگ‘‘ کے پاس موجود2015ء کی ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کی سنیارٹی لسٹ کے مطابق شبیر احمد شیخ پہلے‘ محمد یاسین چوہدری دوسرے‘ مسعود واحدنا تیسرے اور محمد عاطف حنیف چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ محمد شہباز جمیل 13دسمبر 2016ء کو بینک میں براہ راست ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ بھرتی ہوئے۔