حوثیوں کےنئے میزائل حملے کا ذکر، ایرانی اخبار کی اشاعت بند

November 10, 2017

ایران کے پبلک پراسیکیوٹر نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مقرب سمجھے جانے والے ایک فارسی اخبار ’کیھان‘ کی اشاعت دو روز کے لیے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

العربیہ کے مطابق ایرانی اخبار پر الزام ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کو فراہم کردہ میزایلوں کے نئے اہداف کا ذکر کیا گیا ہے۔ اخبار ’کیھان‘ نے پیرکو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ یمن کے حوثی باغیوں کے میزائلوں کے سعودی عرب اور دوسرے خلیجی ملکوں میں کئی اہداف ہیں۔

یہ رپورٹ یمنی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے دارالحکومت ،ریاض پر کیے گئے ایک بیلسٹک میزائل حملے کے اگلے روز شائع کی گئی تھی۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق ’کیھان‘ کو قومی سلامتی کے حوالے سے بنیادی ریاستی پالیسی کی خلاف ورزی کی شکایت پر دو روز کے لیے بند کیا گیا۔