برداشت کا عالمی دن، مسلمان زیادہ نشانہ بن رہے ہیں

November 16, 2017

آج پوری دنیا میں برداشت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصدعالمی سطح پر برداشت کی فضاء کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی اٹھانا ہے جس سے عدم برداشت کو بڑھنے سے روکا جائے تاکہ مذہب ، سیاست اور سماج میں رواداری کے عنصر کو پھیلایا جائے اور عالمی معاشرے میں امن اور برداشت کو عام کیا جا سکے۔

تاہم برداشت ایک خواب کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور عدم برداشت اس قدر بڑھ چکا ہے کہ نہ صرف سماجی سطح پر بلکہ سیاسی اور مذہبی حوالے سے بھی عدم برداشت عروج پر پہنچ چکی ہے اور مسلمانوں کو بدستور عدم برداشت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔خصوصاً بھارت اور اسرائیل نے تو عدم برداشت کی انتہا کر دی ہے۔

جس کے باعث کشمیر اور فلسطین کے مسلمان بھارتی اور اسرائیلی مظالم اور عدم برداشت کا 69برسوں سے سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر 2015کے دوران دنیا میں دہشتگردی کے نتیجے میں 29376افراد جان سے گئے۔پاکستان بھی بدستور عدم برداشت کا شکار ہے اور امریکہ، بھارت اور دیگر عالمی قوتوں نے پاکستان کو ہمیشہ عدم برداشت کا ہی نشانہ بنایا ہے۔

عالمی یوم برداشت کے حوالے سے جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعدادوشمار حاصل کئے ہیں اس کے مطابق بھارت نے نہ صرف پاکستان میں کنڑول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم پاکستانیوں کوعدم برداشت کا نشانہ بنایا۔

بلکہ کشمیر میں بھی بھارتی افواج نے عدم برداشت کے رویے کے باعث شہادتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کا اندازہ ان اعدادو شمار سے بآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ جنوری 1989سے اب تک بھارتی فوج نے مظالم ڈھا کر94846کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ بھارتی فوج نے تو عدم برداشت کی انتہا کردی اورکشمیری نوجوانوں پر انسانیت سے گرے مظالم ڈھانے شروع کر دیئے ۔