کراچی کے لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر خیبرمیل کا خرابی کی وجہ سے انجن فیل ہوگیا جس کے بعد ٹرین دوگھنٹے سے وہاں کھڑی ہے۔
دو گھنٹے گزر جانے اور ٹرین میں سوار صوبائی وزیر اطلاعات ناصرحسین شاہ کی برہمی کے بعد ریلوے حکام کے کانوں پر جوں رینگی اور خیبر میل کومتبادل انجن پہنچادیا گیا۔
خیبر میل کراچی سےپشاور کے لیے روانہ ہوئی تھی، جو انجن تبدیل کرنے کے بعد روانہ کردی جائے گی۔
ٹرین میں سوار وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ سکھر جارہے ہیں۔
اس سے قبل صوبائی وزیر نے بذریعہ موبائل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ 2 گھنٹے گزر نے کے باوجود کسی نے خبر نہیں لی۔
ان کا کہنا تھا کہ خرابی کے بعد ٹرین کی لائٹس بھی بند ہوگئیں اور اس میں سوار خواتین اور بچے پریشان ہیں۔