حافظ نعیم الرحمان نے پی ٹی آئی کے سیمینار میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

May 04, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیمینار میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔

اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی اور اسد قیصر نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔

اپوزیشن رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کو پی ٹی آئی کے سیمینار میں شرکت کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعتوں کے اندر بھی جمہوریت ہونی چاہیے، آئین بار بار پامال ہوتا ہے، تمام اداروں کو آئین اور اس کی حدود کا خیال رکھنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر ڈائیلاگ کےلیے سیاسی جماعتوں، عدلیہ اور اداروں کو آئینی پوزیشنز پر جانا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے آئینی حدود سے واقفیت سے متعلق بیان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ بات صرف آئینی حدود کا پتہ ہونے سے نہیں بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو آئینی حدود میں جانا ہوگا، جس کا آغاز فارم 45 سے ہوگا ،فارم 47 پر بنی حکومت نہیں مانتے ہیں۔

دوران گفتگو اسد قیصر نے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ کسی کو دیا اور حکومت کسی اور کو دے دی گئی، پرامید ہیں کہ آئین اور قانون کی بحالی کےلیے جماعت اسلامی ساتھ دے گی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سب سیاسی جماعتیں قانون کی بالادستی چاہتی ہیں ،جس دن آئین کی خلاف ورزی ہوگی عوام سڑکوں پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی سے سیمینار میں ذاتی طور پر شریک ہونے کی درخواست کی ہے۔