جوہری حملے کے ’غیرقانونی حکم‘ کی مزاحمت کروں گا، امریکی جنرل

November 19, 2017

امریکی فضائیہ کے جنرل اور اسٹریٹیجک کمانڈ کے سربراہ جان ہیٹن کا کہنا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’غیرقانونی‘ طور پر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دیاتو وہ اس کی مزاحمت کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جان ہیٹن نے کینیڈا میں ہالی فیکس انٹرنیشنل سیکورٹی فورم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے بہت سوچا کہ اگر انہیں اس طرح کا حکم دیا جائے تو وہ کیا کریں گے۔

ہیٹن کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرقانونی حکم سے متعلق صورتحال سے نمٹنا معمول کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی غیر قانونی حکم کی تعمیل کرتے ہیںتو آپ ساری عمر کے لیے جیل جا سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میںامریکی جنرل کا کہنا تھا کہ میری دانش میںبعض لوگ سوچتے ہیں کہ ہم بیوقوف ہیں۔ ایسا نہیں،ہم ان باتوں کے بارے میں بہت سوچتے ہیں کہ جب آپ پر ایسی ذمہ داری ہو تو آپ کیا کریں گے۔

پینٹاگان کی جانب سے ہیٹن کے اس بیان پر ردعمل کا اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام میںتوسیع اور امریکا کو دھمکیاں دیتا رہا تو وہ 'ایسے غیض و غضب کا اظہار کریں گے کہ جسے اب تک دنیا نے دیکھا نہ ہوگا۔

گزشتہ ماہ سینیٹر باب کورکر نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ امریکا کو 'تیسری جنگ عظیم کی راہ پر دھکیل رہے ہیں۔