مینڈیٹ کے نعرے لگا کر جرم سے نہیں بھاگا جاسکتا ، حسن نثار

November 20, 2017

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف قانونِ قدرت حرکت میں آچکا ہے،نواز شریف کی عدالت بیس کروڑ عوام ہیں تو پھر عدالتوں کو بند کردیناچاہئے، مینڈیٹ کے نعرے لگا کر اپنے جرم سے نہیں بھاگا جاسکتا ،عمران خان نااہل ہوگیا تو رہبر کے طور پر سیاست جاری رکھ سکتا ہے،نواز شریف کل تک جس عدلیہ کی بحالی کا کریڈٹ لیتے تھے آج اس کے فیصلے بھی مانیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرا م ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف صحیح کہہ رہے ہیں انہیں سزا دی نہیں دلوائی جارہی ہے، سابق وزیراعظم کے خلاف قانونِ قدرت حرکت میں آچکا ہے،شریف خاندان نے پاکستان کے سیاسی و انتظامی کلچر کو تباہ کردیا، ان کے سیاست میں آنے کے بعد بے شمار نئی اصطلاحات درآئی ہیں، انہوں نے ہر محکمہ میں نقب لگائی ، میرٹ کوپامال کرتے ہوئے اپنے وفاداروں کو بھرتی کیا، نواز شریف کی عدالت بیس کروڑ عوام ہیں تو پھر عدالتوں کو بند کردیناچاہئے، مینڈیٹ کے نعرے لگا کر اپنے جرم سے نہیں بھاگا جاسکتا ہے۔اسفندیار ولی کے بیان عمران نے سیاست کا مزہ ختم کردیا پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ اس جملہ سے ملک کی نام نہاد سیاسی اشرافیہ کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، اسفندیار ولی نے بہت بڑا سچ بولا ہے کیونکہ ایسے لوگ سیاست میں مزے لینے ہی آتے ہیں،عمران خان تو آیا ہی ان لوگوں کے مزے ختم کرنے ہیں۔عمران خان کے بیان نااہل ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاست چھوڑنے کی بات کر کے مایوس کیا ہے، سیاست عبادت ہے نااہل ہونے پر عبادت نہیں چھوڑ ی جاتی ہے، اگر عمران خان نااہل ہوگیا تو رہبر کے طور پر سیاست جاری رکھ سکتا ہے۔حسن نثار نے کہا کہ پاکستان کی اشرافیہ کو ڈوب مرنا چاہئے ، اس نے لوگوں کو اتنا مجبور کردیا ہے کہ وہ رزق کی تلاش میں اپنی جانوں پر کھیل جاتے ہیں، نواز شریف کل تک جس عدلیہ کی بحالی کا کریڈٹ لیتے تھے آج اس کے فیصلے بھی مانیں، پاکستان میں حالات بد سے بدتر ہی ہوتے گئے ہیں، ملک کے اربوں روپے کھانے والے ثبوت دینے کا کہتے ہیں یہاں تو غلط کام کرنے والا ایک ادنیٰ سپاہی ثبوت نہیں چھوڑتا، انہیں میرے حوالے کردیا جائے تو اڑتالیس گھنٹے میں ثبوتوں کے ساتھ پیش کردوں گا، ان کے آمدنی سے بہت زیادہ اثاثے اور لائف اسٹائل ہی ان کی کرپشن کا سب سے بڑا ثبوت ہے، کرپشن کے خلاف کارروائی کے حوالے سے چین ماڈل ملک ہے، کرپشن کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں دینا چاہئیں۔