عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس،وزیراعلیٰ پنجاب کی جلد فیصلہ کیلئے درخواست دائر

November 23, 2017

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف10 ارب روپے ہرجانہ کے دعوی کی روزانہ کی بنیاد پر جلد فیصلہ کرنے کے لئے لاہور کی سول عدالت میں درخواست دائر کر دی۔شہباز شریف کی جانب سے جلد فیصلے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے پانامہ پیپرز کے معاملے پرعوام کو گمراہ کیا اور شہباز شریف پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عمران خان کو 10ارب روپے کی پیشکش کی درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کر کے قوم کو گمراہ کیا،سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے شہباز شریف کی کردار کشی کی،شہباز شریف کی کردار کشی کرنے پر عدالت عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کی ڈگری جاری کرے۔