امریکا کا تمام ممالک سے شمالی کوریا سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ

November 30, 2017

شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر اقوام متحدہ میں امریکا کا بڑا سخت مؤقف سامنے آیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں امریکا نے تمام ملکوں سے شمالی کوریا سے تعلقات ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

امریکی مندوب نکی ہیلے نے کہا ہےکہ منگل کے روز لانچ کیا گیا شمالی کوریا کا میزائل پہلے سے زیادہ جدید ہے، دنیا بھر کے ممالک شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک شمالی کوریاکے افراد کو نوکری سے نکال دیں،اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کو حا صل استحقاق سے بھی محروم کیا جا سکتا ہے۔

نکی ہیلے نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ پر زور دیاہے کہ شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی بند کر دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ جنگ کی صورت میں شمالی کوریا کی قیادت کو تبا ہ کر دیں گے، جنگ ہوئی تو اس کا ذمے دار شمالی کوریا کی مسلسل جارحیت ہوگی۔