سستے اینڈرائیڈ فونز کیلئے چھوٹا آپریٹنگ سسٹم ’اوریو گو‘ متعارف

December 07, 2017

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے سستے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کیلئے کم جگہ گھیرنے والا تیز آپریٹنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے جس کا نام ’اوریو گو‘ رکھا گیا ہے۔

نئے سافٹ ویئر کو بھارت میں لانچ کیا گیا ہے اور یہ آپریٹنگ سسٹم ایسے فونز میں آسانی سے چل سکتا ہے جن کی میموری کم سے کم 512؍ میگا بائٹ تک ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹا اور تیز آپریٹنگ سافٹ ویئر لانچ کرنے کا مقصد سستے اسمارٹ فونز کی مارکیٹ کا بڑا حصہ حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔

گوگل نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند ہی ہفتوں میں یہ سافٹ ویئر مارکیٹ میں چھوٹے اسمارٹ فونز میں متعارف کرا دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں موبائل فونز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب 20؍ کروڑ ہے اور چین کے بعد بھارت اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی دنیا کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔

اینڈروئیڈ گو کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا اپنا پلے اسٹور ہے جہاں سے صارفین اپنے فون میں دیگر سافٹ ویئرز انسٹال کر سکتے ہیں۔