موجودہ کراچی کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، محمد زبیر

December 12, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں دنیا پاکستان کو خطے کے اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھ رہی ہے، چین کے ساتھ بڑے سرمایہ کاری منصوبوں اور حکمت عملی نے ملک کو وسط ایشیا کے دوسرے ممالک سے قریب کردیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ میرین ایجنسی (یو ایم اے) کے اشتراک سے 16ویں سی ای او سمٹ ایشیا اینڈ لیڈرشپ ایوارڈ 2017کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، گورنر سندھ کا کہنا تھاپاکستانی اس معاملے میں زیادہ خوش نصیب ہے کہ دوسرے ممالک اس کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اگلے سال پاکستان الیکٹرول پروسس میں داخل ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ موجودہ کراچی کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، 2013 میں ملک معاشی بدحالی کا شکار تھا، ملک کی حالت کو بہتر کرنے میں حکومت نے پہلے تین سال دن رات ایک کرکے صورتحال کو کنٹرول کیا ہے، اس وقت ملک کی اسٹا ک مارکیٹ دنیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ میں شمار کی جارہی ہے جو کہ حکومتی بہترمعاشی پالیسیوں کا حصہ ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے بیسٹ لیڈرشپ ایوارڈ ز تقسیم کیے، اور سال 2017کے بیسٹ پرفارمنگ سی ای اوز لیڈرز اینڈ کمپنیز آف پاکستان کے نام سے کتاب کی رونمائی بھی کی،ا س کانفرنس کا موضوع "مستقبل کی تیاری ، گریٹر پاکستان کی تعمیر " رکھا گیاتھا۔اس موقع پر ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی راہیں کھلیں گی، اقتصادی راہداری صرف ملکی حدوں تک محدود نہیں ہونگی، بلکہ اس سے صنعتی اور تجارتی اتحاد سے ملکی معیشت کو بہتر کرنے میں بڑی حدتک معاونت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی ترقی کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بہتر اقدمات کررہی ہے۔ اس موقع پرسی ای او کلب پاکستان کے فاؤنڈر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز نثار نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بل گیٹس ، اسٹیوجوب اور لکشمی مٹل جیسے غیر ملکی سی ای اوز کی کامیابیوں کا تذکرہ سنا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں سہیل وجاہت صدیقی، سہیل شمس، شہزاد جی دادا، اور محمد زبیر جیسے انٹرپرینرز کا تذکرہ کیا جائے ان کی کاوشوں اور لیڈرشپ کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے،۔ اعجاز نثار نے بتایا کہ600 سے زائد تاجر،سی ای اوز،صدور،ایم ڈیز،ماہرِ اقتصادیات اور انڈسٹری کے مایہ ناز لیڈرز نے اس کانفرنس میں حصہ لیا۔سمٹ کے نمایاں اسپیکرز میں یونائیٹڈ میرین ایجنسی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سہیل شمس،ڈیسکون آکسی کیم لمیٹڈ کے سی ای او عامر نیازی، مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر وائس پریزیڈنٹ اور مٹسوبشی پاکستان کے سی ای او اور اوآئی سی سی آئی کے سابق صدر کیمی ہائیڈ اینڈو، ٹڈاپ کے سی ای او عرفان صدیقی، میزان بینک کے صدر و سی ای او اکرام المجید سہگل، حبیب میٹروپولیٹن بینک کے صدر و سی ای او سراج الدین عزیز، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے صدراور نیشنل بینک کے سابق چیئرمین منیر کمال، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان کے صدر و سی ای او شہزاد جی داداسمیت کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والی مختلف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، منیجنگ ڈائریکٹرز، کنٹری منیجرز،انٹرپرینرز، حکومتی نمائندے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل تھیں۔