ہڑبونگ

December 13, 2017

عوامی جلسے اب کیسے ہوتے ہیں،
بھٹو صاحب یہ دیکھنا چاہتے تھے۔
میں اتوار کو انھیں ایک جلسے میں لے گیا۔
ایک رہنما نے تقریر شروع کی۔
میدان میں ہڑبونگ مچ گئی۔
لونڈے آوازے لگانے لگے،
’’اوئے لفافے، اوئے لوٹے، اوئے جھوٹے۔‘‘
دوسرا رہنما آیا۔
لڑکوں نے شور مچا دیا،
’’اوئے ٹوپی، اوئے پھینکو، اوئے مٹھو۔‘‘
تیسرا رہنما آیا۔
چیخ و پکار بلند ہوئی،
’’اوئے خربوزے، اوئے پٹواری، اوئے ڈھکن۔‘‘
بھٹو صاحب ہکابکا رہ گئے۔
“مبشر! یہ سب کیا ہو رہا ہے؟”
میں نے کہا،
’’اسے سلیجنگ کہتے ہیں سر!
کرکٹ گراؤنڈ میں سیاسی جلسہ کروائیں گے تو یہی ہوگاـــ‘‘