رواں مالی سال میں اسلامی بینکاری کے قرضوں کے اجرأ میں اضافہ

December 14, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر 2017کے دوران اسلامی بینکاری کی سہولتیں فراہم کرنے والے مالیاتی اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر قرضوں کے اجرا میں 51.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران اسلامی بینکاری کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے صارف قرضوں کے اجرا کی شرح میں 28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور تین ماہ کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے جاری کئے جانے والے مجموعی قرضہ جات میں سے 73 فیصد قرضے اسلامک بینکنگ کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اسلامی بینکاری کا شعبہ روایتی بینکاری کے مقابلہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور صارفین کی زیادہ تر تعداد اسلامی بینکاری کی سہولتوں سے استفادہ کو ترجیح دیتی ہے۔