محکمہ اطلاعات میں کرپشن،سندھ ہائیکورٹ کا ضمانت کی تمام درخواستیں یکجا کرنیکا حکم

December 14, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے سے زائد کی کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن سمیت دیگرملزمان کی ضمانت سےمتعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نےتمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں یکجا کرنےکاحکم دیتے ہوئے سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سر براہی میں قائم دو رکنی بنچ کے رو برو بدھ کو محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے سے زائد کی کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھاکہ محکمہ اطلاعات میں پونے چھ ارب روپے سے زائد کی کرپشن کیس میں ملزمان کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت ایک ساتھ کی جائے گی ، عدالت ملزمان کی ضمانت سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اکیس دسمبر تک ملتوی کردی ہے، ریفرنس میں نامزد سابق سیکریٹری اطلاعات ذوالفقار شلوانی ،سارنگ چانڈیو ودیگر ملزمان نے ضمانتوں کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جبکہ شرجیل انعام میمن اوردیگرملزموں کوعبوری ضمانت منسوخ ہونےپرجیل میں قید ہیں۔