اسمارٹ فون ایپ ٹیکسی،سعودی عرب میں خواتین کی بھرتی

January 11, 2018

اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے سواری بک کرنے کی سہولت فراہم کرنے والی 2 بین الاقوامی کمپنیوں نے سعودی عرب میں پہلی بار خواتین ڈرائیوروں کو بھرتی کرلیا۔ کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال جولائی کے مہینے تک 10 ہزار خواتین کیپٹنز کو بھرتی کرلیا جائے گا۔

ان کمپنیوں نے ریاض میں 90 منٹ کا ایک تربیتی پروگرام متعارف کرایا ہے جس میں ان خواتین کو شامل کیا گیا ہے جن کے پاس پہلے سے دوسرے ممالک میں ڈرائیونگ کا تجربہ اور لائسنس موجود ہے۔

پروگرام میں خواتین کو ریاض کے ٹریفک قوانین، اسمارٹ فون ایپ کو استعمال کرنے کا طریقہ کار اور کسٹمرز کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تربیت دی جارہی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب میں آن لائن سواری بک کرنے کی کمپنیوں کو مرد ڈرائیورز کی خدمات حاصل رہی ہیں۔ جبکہ ان کی 80 فی صد مسافر خواتین ہوتی ہیں۔