چینی سر زمین پر ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کو تیار

January 16, 2018

چینیوں کے پسندیدہ فنکار عامر خان آج کل چین میں اپنی نئی فلم کی پروموشن کے لیے موجود ہیں۔ جی ہاں، ’دنگل‘ کے بعد اب ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ بھی چینی سر زمین پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے لیے تیار ہے۔

چینی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار ‘ تین مہینے کی تاخیر کے بعد19 جنوری کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں زائرہ وسیم مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

زائرہ وسیم سے متعلق یہ بتاتے چلیں کہ یہ کوئی نئی اداکارہ نہیں بلکہ اس چہرے سے چینی پہلے ہی بخوبی واقف ہیں، کیونکہ انہوں نے ’دنگل‘ میں عامر خان کی چھوٹی صاحب زادی کا رول ادا کیا تھا۔

چائنہ فلم گروپ اور ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں اس فلم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، چاہتے ہیں کہ ’دنگل‘ کی طرح یہ فلم بھی باکس آفس پر اچھا بزنس کرے۔

فلم کے ڈائریکٹر ادویت چندان اور زائرہ وسیم آج کل فلم کی پروموشن کے لیے چین میں موجود ہیں۔

عامر خان کی اس فلم نےبالی ووڈ باکس آفس پر 83 کروڑ کا بزنس کیا تھا ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ چین میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکے گی یا نہیں۔