وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کی مردان میں بچی کے قتل کی مذمت

January 17, 2018

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے مردان کے علاقے گوجر گڑھی میں معصوم بچی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمسن بچوں کے ساتھ ملک بھر میں ہونے والے واقعات پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں،صوبہ بدلتے ہی عمران خان کا انصاف بھی بدل جاتا ہے۔

امیر مقام نے ایک بیان میں کہا کہ مردان واقعے نے عمران خان کی مثالی پولیس کی کارکردگی بے نقاب کر دی ہے،اس سے پہلے پرویز خٹک کے علاقے اور حلقہ میں معصوم بچیوں کوزیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

امیر مقام نے کہا کہ صوبہ بدلتے ہی عمران کا انصاف بھی بدل جاتا ہے ،ان کا ضمیر صرف پنجاب میں جاگتا ہے مگر خیبرپختونخوا میں ہونے والے ظلم پران کا ضمیر سو جاتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے ۔