صادق خان کا ٹرمپ کی زبان کا داعش کی بڑھکوں سے موازنہ

January 22, 2018

لندن (جنگ نیوز) لندن کے میئر صادق خان نے اسلام کے بارے میں کمنٹس پر امریکی صدر ٹرمپ پر تنقید کی ہے۔ بہرحال انہوں نے صدر کو نسل پرست قرار دینے سے اجتناب کیا ہے۔ صادق خان نے اسلام پر امریکی صدر کے ٹویٹر پر حملوں کا داعش کے حربوں سے موازنہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صدر امریکہ کی زبان داعش کی بڑھکوں کی طرح ہے۔ صادق خان نے انٹرسیپٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ داعش چاہتی ہے کہ اسلام کے بارے میں خوف پر مبنی حملوں میں اضافہ ہو، وہ فخر کے حامل مسلمانوں اور مغربی افراد کے خلاف بیک لیش چاہتی ہے۔ صادق خان نے امریکی صدر کو نسل پرست کہنے سے اجتناب کیا، مگر اس کے بجائے کہا کہ ان کو برطانیہ کے سرکاری دورے کی اجازت نہ دی جائے، کیونکہ ایسی بہت ساری باتیں ہیں جن پر وہ یقین رکھتے ہیں اور ہم ان کے ساتھ اتفاق نہیں کرتے۔ صدر اور میئر کے درمیان الفاظ کی جنگ امریکی انتخابی مہم کے دوران شروع ہوئی تھی جب لندن کے پہلے مسلمان میئر نے تمام مسلمانوں پر امریکہ میں پابندی کی ٹرمپ کی تجویز کو جہالت قرار دیا تھا۔