دنیا کی پہلی مکمل سولر کار متعارف

January 22, 2018

ہالینڈ کی ایک کمپنی نے دنیا کی پہلی مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلنے والی کمرشل گاڑی متعارف کرادی ہے ۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کار خود اپنے آپ کو چارج کرتی رہتی ہے اور ایک مرتبہ بیٹری مکمل چارج ہونے کے بعد 400 تا 800 کلومیٹر فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

طویل عرصے سے شمسی توانائی سے چلنے والی کاروں پر تحقیق جاری ہے لیکن اب تک کوئی کمرشل کار سامنے نہیں آسکی جو دیگر گاڑیوں کا مقابلہ کرسکے، مثلاً ٹویوٹا کی ایک کار ’پرائس‘ شمسی توانائی سے صرف 4 میل کا اضافہ کرتی ہے اور اسے بجلی سے چارج کرنے کی بار بار ضرورت ہوتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مکمل طور پر سورج کی روشنی سے دوڑنے والی کاریں نہیں بنائی جاسکیں تاہم اب تک بجلی کی چارجنگ سے چلنے والی جتنی بھی گاڑیاں بنائی گئی ہیں ان میں تھوڑے بہت سولر سیلز لگے ہوتے ہیں جو کچھ بجلی فراہم کرتے ہیں۔ انہیں سولر اسسٹڈ الیکٹرک وہیکل کہا جاتا ہے۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق 2019ء میں پہلی 10 کاریں صرف یورپ میں پیش کی جائیں گی۔ سال 2020ء میں مزید 100 گاڑیاں بنا کر فروخت کی جائیں گی۔