سینیٹ الیکشن،امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج شروع ہوگی

February 10, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن سندھ میں سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج 10فروری سے شروع ہوگی ۔18فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ آویزاں کردی جائے گی ۔ سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر انتخابات کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے 44امیدواروں نے مجموعی طور پر 47کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، ان میں پیپلز پارٹی کے 20، ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے 9 ، ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے 7 ، پاک سرزمین پارٹی کے 6، مسلم لیگ (ن) کے 2 ، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے ایک ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،سینٹ انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10سے 12 فروری تک جاری رہے گی،10 فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہو گی،11 فروری کی صبح پی ایس پی کے چھ امیدوار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کروائیں گے،11 فروری کو دو بجے ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کو اسکروٹنی کے لئے طلب کیا گیا ہے،ایم کیوایم بہادرآبادگروپ کے امیدواروں کی اسکروٹنی 12 فروری کوہوگی،مسلم لیگ نواز، مسلم لیگ فنکشنل، پی ٹی آئی کے ارکان کو 11اور 12فروری کو طلب کیا گیا ہے۔امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اور اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15فروری ہے،8فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ لسٹ آویزاں کی جائے گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19فروری ہے، پولنگ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں 3مارچ کو ہو گی ۔