زینب قتل کیس، ملزم عمران کا 14 روزہ عدالتی ریمانڈ، ٹرائل جیل میں کرنے کا حکم

February 10, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ) قصور کی معصوم زینب سمیت 8بچیوں کے مبینہ قاتل عمران علی کیخلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں چالان پیش کردیا گیا،عدالت نے ملزم کو 14روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے اور سکیورٹی کے پیش نظر آج سے ٹرائل جیل میں شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کہا کہ سات دن میں سماعت مکمل کرینگے، ملزم کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں خصوصی سیل تیار کرلیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جائیگی،پراسیکیوشن نے زینب قتل کیس کا مکمل چالان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیا،جس میں ملزم کو گنہگار قراردیا گیا ہے جبکہ 55گواہان کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔گزشتہ روز ملزم عمران علی کو سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا،دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عمران زینب سمیت 7دیگر بچیوں سے جنسی زیادتی اور قتل میں ملوث ہے، پراسیکیوٹر جنرل نے ملزم عمران علی کو 14؍ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی۔