منی لانڈرنگ کیس،ایف آئی اے نےمتحدہ کے 10رہنمائوں کو طلب کر لیا

February 13, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)متحدہ قومی موومنٹ کے بانی قائد الطاف حسین کو دو ارب روپے لندن بھیجنے کے ’’منی لانڈرنگ کیس ‘‘میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ایم کیوایم کے دس رہنمائوں کو طلب کر لیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ خدمت فاؤنڈیشن کے نام پر پیسے ایم کیو ایم سیکرٹریٹ لندن بھیجنے کے مرتکب ہیں۔ پیر کو ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنمائوں کیفل وارا، ڈاکٹر صغیر احمد ، محمد شاہد ، محمد زبیر ، محمد طاہر ، منظور احمد کو طلب کیا گیا ہے ، رؤف مغل اور محمد عمران،رفیق راجپوت ، کمال صدیقی بھی طلب کیئے جانے والوں میں شامل ہیں۔مذکورہ ر ہنمائوں پر الزام ہے کہ وہ پیسے اکھٹے کر کے خدمت خلق فاؤنڈیشن میں جمع کرواتے تھے ۔پیسے چائنہ کٹنگ اور بھتہ کی مد میں اکٹھے کر کے خدمت خلق فاؤنڈیشن سے ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ بجھوائے جاتے تھے۔منی لانڈرنگ کی لند ن میں رقم وکلاء کی فیس،سکیورٹی کمپنی اور ذاتی اخراجات پر خرچ کی جاتی تھی۔مذکورہ تمام رہنمائوں کو نوٹس جاری کر کے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔