پی ایس ایل، پشاور زلمی کے ہونے والے معرکے

February 15, 2018

پاکستان کرکٹ کا شاہکار ایونٹ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے دبئی میں شروع ہورہا ہے جو 25 مارچ تک جاری رہے گا۔ تقریباً32 دن تک جاری رہنے والا یہ ایونٹدبئی ، شارجہ سے ہوتا ہوا براستہ لاہور شہر قائد کراچی آکر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹورنامنٹمیں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی ایونٹ میں 10 راؤنڈ میچز کھیلے گی جس میں اس کی کارکردگی ٹیم کے مستقبل کے سفر کا تعین کرے گی۔

پشاور زلمی کی برانڈ ایمبسٹر پاکستان کی نمبر ون اداکارہ مائرہ خان اور ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی ہیں۔

پی ایس ایل 2 کی طرح اس سیزن میں بھی پشاور زلمی کی قیادت آل راؤنڈر ڈیرن سیمی کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوںمیں وکٹ کیپر کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، ڈیوائن براوو، شکیب الحسن، تمیم اقبال، حسن علی،حماد اعظم، حارث سہیل، کرس جارڈن، محمد اصغر، سعد نسیم، تیمور سلطان، اندرے فلیچر، ایون لوئس، خالد عثمان، محمد عارف ، ثمین گل اور ابتسام شیخ شامل ہیں۔

محمد اکرم ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیںگے جبکہ یونس خان ٹیم کے مینٹور ہیں۔

ٹورنامنٹمیں پشاور زلمی کے ہونے والے معرکوں کا شیڈول

گزشتہ سیزن کی فاتح ٹیم پشاور زلمی اس بار لالہ (شاہد آفریدی ) کی خدمات سے محروم ہے۔ زلمی اس سال ایونٹ کے افتتاحی میچ سے اپنی مہم جوئی کا آغاز نو وارد ٹیم ملتان سلطان کے خلاف 22 فروری کو دبئی میں کرے گی۔

ڈیرن سیمی کی قیادت میںپشاور زلمی اپنے دوسرے معرکے میں24 فروری کو پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی فاتحٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پنجہ آزما ہوگی۔

اس کے اگلے ہی دن یعنی 25 فروری کو زلمی ۔۔عماد وسیم ، محمد عامراور بابر اعظم کی کراچی کنگز کو للکارے گی۔ ایونٹ کا یہ میچ ڈے اینڈ نائٹکھیلا جائے گا۔

کوئٹہ کے گلیڈئیٹرز کو زلمی یکم مارچ کے معرکے میں چیلنج دے گی جس کے بعد اس کا 3 مارچ کو دمادم مست قلندر مقابلہ جارحانہ بلے باز برینڈم میکولم کی لاہور قلندرز سے ہوگا ۔

ایونٹمیں پشاور زلمی 6 مارچ کو ایک مرتبہ پھر سے ملتان سلطان کا سامنا کرے گی اور 9مارچ کو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ سے نبرد آزما ہوگی۔

10مارچ کو کوئٹہ گلیڈئیٹرز کے ساتھ اس کا ٹاکرا ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جس کے بعد 15 مارچ کو یہ کراچی کنگز کے مدمقابل ہوگی اور اس کے بعد ایونٹ میں اپنے آخری راؤنڈ میچ میں پشاور زلمی لاہور قلندرز سے ٹکر لے گی۔

اس کے بعد 18 مارچ سے پی ایس ایل تھری کا پلے آف مرحلہ شروع ہوگا جو 21 مارچ تک جاری رہے گا اور آخر میں ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں فائنل معرکے میں ٹائٹل کی جنگ کراچی میں لڑیں گی۔