حکمران زیادہ دیر نہیں رہیں گے ، پیر پگارا

February 18, 2018

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کےسربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی ( پیر پگارا) نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں،حکمران زیادہ دیر نہیں رہیں گے۔

نوشہرو فیروز میں گرینڈڈیموکریٹک الائنس کے جلسے سے خطاب میں پیر پگار نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں جی ڈی اے کے لوگ توکونسلر بھی نہیں بن سکتے، لیکن آصف زرداری تو کبھی کونسلر بھی نہیں بنے۔

ان کا کہناتھاکہ ہم ایسے حکمرانوں میں پھنس گئے ہیں جن میں سے ایک اینٹ سے اینٹ بجانے ،دوسرا عدلیہ اور فوج کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتا ہے، خدا تعالی رحم کرے۔

پیرپگار ا نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں پی پی اور سندھ میں ن لیگ ختم ہوچکی ہے،پھر بھی پی پی کہتی ہے اگلی حکومت اور وزیراعظم ہمارا ہوگا ،ان دونوں جماعتوں کی دوستی نے ہی انہیں تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشت کار شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور آج کاشت کی فصل خریدنے والا کوئی نہیں ہے۔

اس سے قبل جلسے سے خطاب میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو ذلت آمیز زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے ،حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا سندھ چاہیے جس میں خواتین اور اقلتیں محفوظ ہوں ،زراری نے رائو انوار کو بہادر آدمی کہہ دیا ہے اب انصاف کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔

ایاز پلیجو نےمزید کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں زرداری اب جان چھوڑ دو،ایک وڈیرہ جاتا ہے تو دوسرا آجاتا ہے ،سندھ کے حکمرانوں سے حساب لیں گے۔

جلسے سے خطاب میں ظفر حسین شاہ نے کہا کہ ظفر حسین شاہ نے کہاکہ سندھ کاوزیراعلی کٹھ پتلی ہے ، مرضی صرف ایک شخص کی بہن کی چلتی ہے ۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ یہاں لوگ ملک سے نہیں پارٹی سربراہ سے وفاداری کرتے ہیں اور اگر مافیا سے جان نہیں چھڑائی گئی تو ملک چلنے کے قابل نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملکی اداروں سے ٹکرانا چاہتے ہیں اب ان کی حکومت چلنا ممکن نہیں اور ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی، دن گنے جا چکے ہیں،سندھ کے راؤ انوار کی طرح پنجاب میں عابد باکسر کا کردار بھی سامنے آیا ہے۔