ہیلی کاپٹر میںسفر، لیموزین کے مزے، سپرلیگ ٹرافی کی منفرد رونمائی، چھ کپتانوں کے ساتھ نجم سیٹھی بھی شریک

February 21, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے دو دن قبل کرکٹ فیور اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ شائقین کرکٹ اس ٹورنامنٹ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ منگل کی شام دبئی میں ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب میں پی ایس ایل کی کو خوبصورت ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں چھ ٹیموں کے کپتانوں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی ، ایچ بی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر نوید اصغر، فرنچائز مالکان ، اسپانسرز اور بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔ پی ایس ایل ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک بکس میں آئی سی سی اکیڈمی لایا گیا جہاں سے اسے ہال تک دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی لے کر آئے۔ ہیلی کاپٹر آئی سی سی اکیڈمی میں اترا جہاں سے کپتانوں کو ایک لیموزین میں مزے کےساتھ دبئی اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی ٹرافی ڈیزائن کرنے پر سوروسکی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لیگ کی تمام چھ ٹیموں کے قائدین کا تعارف کراتے ہوئے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے ان کا اور فرنچائز کے مالکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے بارے میں کہا کہ وہ پاکستان کے ہر گھر میں بستے ہیں اور پاکستان میں ایک سپر اسٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں لیگ میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ نجم سیٹھی نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد کے قائد مصباح الحق کا تعارف کراتے ہوئے مصباح الحق ایک انتہائی منفرد انسان ہیں۔ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم سے متعلق کہا کہ یہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ، پوری دنیا ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور ہم پی ایس ایل میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کولم کی شکل میں نمائندگی پر بہت خوش ہیں۔ وہ بہترین کرکٹر اور اچھے کپتان ہیں اور امید ہے نیوزی لینڈ کو پاکستان لانے کےلئے قائل کریں گے۔ قومی ٹیم کے قائد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں نجم سیٹھی نے کہا کہ سرفراز نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوا کر تاریخ رقم کی اور پاکستان بھر کے شائقین کے شہروں پر خوشیاں بکھیریں اور ہمیں امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک اور کراچی کنگز کے نئے کپتان عماد وسیم کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بھی داد و تحسین سے نوازا۔ ٹیموں کے کپتانوں نے پاکستان سپر لیگ کو شاندار ٹورنامنٹ قرار دیتے ہوئے اس مرتبہ ایونٹ اپنے نام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہترین ٹورنامنٹ ہے اور اگر ہم اس مرتبہ بھی فائنل میں پہنچے تو ٹیم کے تمام اراکین کراچی میں ہونے والا فائنل کھیلیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے بھی اس مرتبہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چیمپئن بننے کا اعادہ کیا جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم بھی دو ایونٹس میں ناکامی کے بعد اس مرتبہ ایونٹ جیتنے کا دعویٰ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے دو ایڈیشنز کے فائنل کھیلے اور اس مرتبہ بھی کوشش کریں گے کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائنل جیتیں۔ ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو کامیاب اور اسے برانڈ بنانے کیلئے بہت محنت کی جس کیلئے ان کے شکر گزار ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ پہے ہی ایڈیشن میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹرافی اپنے نام کریں۔ سرفراز احمد نے بہترین کپتانی سے چیمپئنز ٹرافی پاکستان کو جتوائی اور وہ پورے ملک کے لئے خوشیاں لائے جب کہ عماد وسیم کراچی کنگز کے نوجوان اور باصلاحیت کپتان ہیں اور وہ مستقبل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کرنے کے بھی اہل ہوسکتے ہیں۔ کراچی کنگز کے نوجوان کپتان عماد وسیم نے بھی نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹرافی اس مرتبہ کراچی کنگز ہی جیتے گی۔ انہوں نے ڈیرن سیمی کو کہا کہ وہ تکلیف نہ کریں ٹرافی ہماری ہے۔