لندن،ایون فیلڈ پراٹیز و دیگر ریفرنسزمیں گواہوں کابیان آج ریکارڈ کیا جائیگا

February 22, 2018

لندن(ودود مشتاق) نیب عدالت کے حکم پر ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ سٹیل مل، فلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹد سمیت دیگر ریفرنسز کے حوالے سے لندن میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کرانے کے تمام انظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آج صبح 9 بجے دو گواہان رابرٹ ریڈلے اور راجہ اختر کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی جو تین روز پہلے ہی لندن پہنچ چکے ہیں وہ اس سارے عمل کی نگرانی گرینگے۔ ویڈیو لیک کا سارا انتظام پاکستان ہائی کمیشن میں کیا گیا ہے جہاں دو بڑی سکرینیں لگائی گئی ہیں اور ہائی کمیشن کی طرف سے ایک نمائندہ ہمہ وقت موجود رہے گا اور اس سلسلے میں ہائی کمیشن نے تمام تیکنیکی سہولیات فراہم کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور لندن کے مابین تصویری مواصلاتی رابطوں کے دوران گواہان سے سوالات کئے جائیں گے جبکہ اسلام آباد میں پانامہ جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء بھی موجود ہونگے اور سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دوسری طرف پاکستان ہائی کمیشن میں گواہان کی وڈیو ریکارڈنگ کے وقت میڈیا ارکان کی بطور مبصر شرکت بھی زیر غور ہے اور اس فیصلے کا اعلان ریکارڈنگ کے وقت متوقع ہے۔ در ایں اثنا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے بدھ کے روز پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور وڈیو لنک کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں ہائی کمیشن کے حکام سے بھی ملاقات کی۔