نواز شریف کا فیصلہ عوام کے فیصلوں اور پارلیمنٹ کی توہین ہے،شاہ محمد شاہ

February 23, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا فیصلہ عوام کے فیصلوں اور پارلیمنٹ کی توہین ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 اگست 1947کو قائد اعظم نے دستور ساز اسمبلی میں جو تقریر کی تھی اس کو نشر ہونے سے روک دیا گیا تھا، اسی دن سے جمہوریت کے خلاف سازش شروع ہوگئی تھی، ملک غلام محمد کے بعد 6 وزرائے اعظم کو ہٹایا گیا، انہوں نے کہا کہ مولوی تمیز خان نے اسمبلی توڑنے کے خلاف اپیل دائر کی تو اس وقت چیف جسٹس منیر احمد نے پہلی مرتبہ نظریہ ضرورت کو متعارف کرایا اور ابھی تک اسی نظریہ کے تحت فیصلے ہورہے ہیں،جسٹس انوار الحق‘ جسٹس مولوی مشتاق اور دیگر نے اسی نظریے کے تحت فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق کے دور میں 73کےآئین کی دھجیاں اڑا دی گئیں، انہوں نے کہا کہ وفاق پاکستان کی علامت ہے، ہم پارلیمنٹ اور آئین کا احترام کرتے ہیں، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو پاکستان ترقی کرے گا، شاہ محمد شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں کل اتوار کو یوم سیاہ منایا جائے گا ۔