پاکستانی دریا خشک کرنے کامنصوبہ بھارت مزید 6بڑے ڈیم بنائے گا

February 23, 2018

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ)بھارت نے پاکستان کے خلاف پانی کی جنگ کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دریائے سندھ کے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے اور اسے پاکستان کے دریائوں میں جانے سے روکنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔اس منصوبہ بندی کے تحت بھارت نہ صرف یہ کہ بجلی پیدا کرنے کے 6نئے پراجکیٹس تعمیر کرے گا بلکہ پاکستان کی طرف جانے والے پانی کو روکنے کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بڑے ڈیم بھی بنائے گا۔منصوبے کے مطابق بھارت 6نئے پراجیکٹس کے ذریعےمجموعی طورپر 6322میگا واٹ بجلی تیار کرے گا ۔اس بات کا انکشاف پاکستانی ہائی کمشنر کے جنوری 2018 میں بھارتی وزیر پانی کو لکھے گئے خط سے ہوا ۔خط سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بھارت کی طرف سے تعمیر کیئے جانے والے بجلی بنانے کے متعدد پراجیکٹس کی تفصیلات رپورٹ میں موجود ہے ۔بھارتی حکومت نے مذکورہ پراجیکٹس کی تعمیر کیلئے فنڈز بھی جاری کر دیئے ہیں ۔ابتدائی طور پر تعمیر ہونے والے پراجیکٹس میں پکل دل ،کواراور کیرو شامل ہیں جنہیں 2011تا2023تک مکمل کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر حکومت کو بھی یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقی پراجیکٹس کیلئے فنڈ مہیا کرے۔چھ نئے پراجیکٹس جن کو بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ان میں سوالکوٹ جو کہ 930میگا واٹ بجلی بنائے گا،کرتھائی1000میگا واٹ بجلی بنائے گا،کوار 540میگا واٹ بجلی تیار کریگا،کیرو624اور برسار800میگا واٹ بجلی بنائے گا ۔جبکہ چناب بیسن او ر اجھ پراجکیٹ 212 میگا واٹ بجلی تیار کرینگے۔