شاہد آفریدی فٹ ترین کرکٹر، مشکل کیچ پکڑلیا

February 23, 2018

مایہ ناز آل رائونڈ شاہد آفریدی نے پی ایس ایل تھری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر عمر امین کا مشکل ترین کیچ پکڑا کر ایک بار پھرخود کو فٹ ترین کرکٹر ثابت کر دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میرے کیچ پکڑنے کی وجہ سے ٹیم نے میچ جیت لیا، اس کی مجھے خوشی ہے۔

مایہ ناز آل رائونڈر نے یہ بھی کہا کہ اس عمر میں فیلڈنگ کرنے سے بچتا ہوں لیکن آج خود کہہ کر بائونڈری لائن پر فیلڈنگ کرنے کا کہا۔

میچ کے اختتام پر شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اچھی فیلڈنگ انجوائے کیے بغیر نہیں کی جا سکتی، اس عمر میں ویسے بھی فیلڈنگ کے لیے چھپنے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فیلڈنگ کے لیے ہر وقت تیار رہنا پڑتا ہے، میں خود باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنا چاہ رہا تھا، سوچا تھا کہ کیچ آئے گا تو پکڑوں گا اور ایسا ہی ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ایڈیشن میں سب ٹیمیں اچھی ہیں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سیزن میرے لیے اور کراچی کے لیے گزشتہ سیزن سے اچھا گزرے۔

37 سالہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے 2اکتوبر 1996ء سے 20مارچ 2015ء ایک روز کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔

انہوں نے اس دوران 398 میچز کھیلے ، 6سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 رنز بنائے اور 395وکٹیں اپنے نام کیں۔

مایہ ناز آل رائونڈر نے ٹی 20 کرکٹ کے 98 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ،4 نصف سنچریوں کی مدد سے 1405 اور 97 وکٹیں لیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دے دی ہے۔