سپرلیگ میں محمد حفیظ بولنگ نہیں کریں گے

February 24, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ کو خطرہ ہے کہ آل رائونڈر محمد حفیظ نے اگر پاکستان سپر لیگ میں بولنگ کرائی تو ان کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار دیا جاسکتا ہے اس لئے ٹورنامنٹ میں انہیں بولنگ سے روک دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ، پاکستان کرکٹ بورڈ کا ٹورنامنٹ ہے۔ حفیظ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بولنگ کراسکتے ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل کے وارم اپ میچوں میں بھی بولنگ کی تھی۔

باخبر ذرائع کے مطابق بورڈ کو خدشہ ہے کہ حفیظ کا بولنگ ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوسکتا ہے۔ اس بارے میں ملتان کے خلاف میچ کے بعد وہاب ریاض سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ٹیم انتظامیہ بہتر بتاسکتی ہے لیکن انہوں نے اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کے لئے کام کیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ان کے ایکشن میں بہتری آئی ہے۔

زلمی کے میڈیا منیجر کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں کوچز سے بات کر کے بتاسکتے ہیں کہ حفیظ کو کیوں بولنگ نہیں دی گئی۔

گذشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ابوظہبی کے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل کے امپائرز نے 19 اکتوبر کو رپورٹ دی تھی جس کے بعد انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔ وہ ایکشن کی بہتری کے لئے انگلینڈ بھی گئے تھے۔

محمد حفیظ نومبر 2014 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے اور بولنگ ایکشن درست کیے جانے کے بعد انھیں اپریل 2015 میں دوبارہ بولنگ کی اجازت مل گئی تھی۔

اسی سال جون میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے قواعد وضوابط کے خلاف ہونے کے بارے میں دوبارہ رپورٹ دی تھی چونکہ وہ ایک سال کے عرصے میں دوبار مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے لہذا قوانین کے تحت ان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

نومبر 2016میں محمد حفیظ نے برسبین میں بائیو مکینک ٹیسٹ کلیئر کرکے دوبارہ بولنگ کی اجازت لی تھی۔ ان کا بولنگ ایکشن پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران بھی رپورٹ ہوا تھا۔