بلاول نے سکھرمیں امراض قلب کے اسپتال کا افتتاح کر دیا

February 24, 2018

پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں 300بسترو ں پرمشتمل امراض قلب کے جدید ترین اسپتال این آئی سی وی ڈی کا افتتاح کر دیا۔

اسپتال کے افتتاح کے موقع پر پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس اسپتال میں ہر وہ سہولت ہے جو کراچی کے اسپتال میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اسپتال میں انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، اسٹنٹ، بائی پاس سب مفت میںہوگا۔

ذرائع کے مطابق خطیر رقم سے تعمیر ہونےوالے اس اسپتال میں دل کے امراض میں مبتلا افراد کو علاج و معالجے کی جدید ترین طبی سہولیات میسر آسکیں گی، جس سے نہ صرف سکھر بلکہ خیرپور، گھوٹکی، شکارپور ودیگر علاقوں کے عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔

یہ اسپتال 8منزلہ عمارت پر مشتمل ہے، جس میں کارڈیک ایمرجنسی، آپریشن تھیٹر، سرجیکل وارڈ، بچوں کا وارڈ، میل وارڈ، فی میل وارڈ، سرجیکل آئی سی یو، سی سی یو، اسٹیپ ڈاؤن یونٹ، مشورہ کلینک، اکیوٹ بے، لیبارٹری، بلڈ بینک، ریڈیالوجی، بحالی برائے امراض قلب، کانفرنس روم، لائبریری اور دفاتر سمیت 20سے زائد شعبہ جات بنائے گئے ہیں۔

کراچی، ٹنڈو محمد خان، لاڑکانہ اور سہون کے بعد سکھر میں یہ پانچواں اسپتال ہے جہاں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا جائے گا۔