کراچی:اے این ایف کی منشیات کیخلاف تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم اور تلاشی

March 08, 2018

تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کے مبینہ طور پر منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے کراچی میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے آگاہی اور تلاشی مہم شروع کی ہے۔

ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات میں آگاہی اور تلاشی مہم کے سلسلے میں اے این ایف نے سپر ہائی وے پر قائم میڈیکل کالج کے گرلز ہاسٹلز کی تلاشی لی۔

تلاشی سے قبل میڈیکل کالج کی طالبات کو منشیات کے خلاف آگاہی بھی فراہم کی گئی، ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران گرلز ہاسٹل سے اے این ایف کو کچھ بھی نہیں ملا۔

کالج پرنسپل کے مطابق اے این ایف کی جانب سے آگاہی مہم اور تلاشی کے لیے پیشگی اطلاع دی گئی تھی اور اجازت کے بعد پہلے آگاہی مہم اور پھر تلاشی لی گئی ہے۔