سنگر جو بن گئے ایکٹر

March 11, 2018

رابعہ شیخ

گزشتہ ہفتے ہم نے ان اداکاروں کی بات کی جو ماڈلنگ کی چمکتی دمکتی دنیا سے اداکاری میں آئے اور پھر اداکاری کے اس میدان میں ہر طرف ان کے نام کا ڈنکا بجنے لگا ۔چونکہ آج کا اداکار نہ صرف اداکارہے بلکہ کہیں وہ ماڈل ہے تو کہیں لکھاری ،کہیں سنگر ہے تو کہیں پروڈیوسر یا ڈائریکٹر بھی ۔یوں کہئیے آج کا اداکار ہر فن مولا ہے اگر دیر ہے تو بس اس فن کو پہچان ملنے کی ۔

اب ماضی کا وہ دور نہیں جب ایک اداکار اپنی تمام تر توجہ اسی شعبے تک محدود رکھتا تھا جس میں وہ کام کررہا ہو۔ چونکہ ماضی کے اداکار اپنے شوق کی تکمیل کے لیے اس شعبے میںاس حد تک انوالو ہوجاتے تھے کہ اس فن کے سوا انھیں کچھ نظر نہیں آتا تھا یہی وجہ ہے کہ ماضی میں انڈسٹری میں جس شخص نے اپنی فیلڈ میں لگن اور محنت سے کام کیا اسے ہر دور میں یا درکھا گیاآج ہم بات کریں گے ان اداکاروں کی جنھوں نے اداکاری سے پہلے گلوکاری کے شعبے میں اپنی پہچان بنائی اور پھر اس کے بعد اداکاری میں بھی ایسے چھائے کہ ہر طرف انھیں کا نام لیا جانے لگا ۔

فواد خان

فواد خان کا شمار کم مدت میںانٹرٹینمنٹ کے افق پر پہنچنے والے ستاروں میں کیا جاتا ہے فواد نے اپنے کیریئر کا اسٹارٹ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ بطور سنگر بھی کیا ۔ ایکٹنگ کے شعبے میں آنے سے پہلے پاکستانی میوزک بینڈ اینٹیٹی پیراڈائم (Entity Paradigm)یعنی ای پی(E.P.) کے لیڈ سنگر تھےجس کے بعد انھوں نے اداکاری کا رخ کیا اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ فواد خان نے اداکاری کے میدان میں بے شمار کامیابیا ں سمیٹیں ۔ فواد نے سنہ 2000میں انیس سال کی عمر میں کامیڈی ڈرامہ کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا فواد نے کئی ٹیلی فلموں سمیت کامیاب ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیا جنہوںنے نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ممالک میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے

علی ظفر

گانے چھنو سے دنیا بھر میں مقبولیت پانے والے علی ظفرایک پاکستانی موسیقار، گلوکار، گانا مصنف، پینٹر، ڈائریکٹر ہونے کے ساتھ اب فلم اداکار بھی ہیں-علی ظفر نے پاکستانی اداکارہ اور ڈائریکٹر ثمینہ پیرزادہ کی طرف سے ہدایت کردہ فلم شرارت میں گیت جگنوئوں سے بھر لو آنچل کے ساتھ اپنے گانے کے کیریئر کا آغاز کیا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ۔ بطور سنگرکامیابی کے حصول کے بعدعلی ظفر نےـ’’تیرے بن لادن ، کے ذریعے بالی ووڈ فلموں کا رخ کیاان کی کامیاب فلموں میں’’میرے برادر کی دلہن ،،اور چشم بددور ،لندن پیرس، نیو یارک اور ٹوٹل سیاپاشامل ہیں ۔

جنید خان

پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور اور ورسٹائل گلوکار اور اداکار جنید خان کو کون نہیں جانتاجنید خان نہ صرف اچھے اداکار ہیں بلکہ پاکستان اور بیرون ملک مقبول بینڈ کال کے مرکزی گلوکار ہیں۔گلوکاری سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے جنید آج ایکٹنگ کی دنیا میں بھی کافی جانے جاتے ہیں ان کے بہترین ڈراموں میں مجھے روٹھنے نہ دینا، متاع جاں ہے تو اور قدرت وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

گوہر ممتاز

گوہر ممتاز کا شمار میوزک انڈسٹری کےباصلاحیت ترین افراد میں کیا جاتا ہے جوگلوکار، شاعر اور گٹارسٹ کے طور پر بھی اپنا آپ منواچکے ہیں۔گوہر ممتاز نے جل کی شکل میں ایک معروف ترین بینڈ کی بنیاد رکھی ۔میوزک انڈسٹری میں نام کمانے کے بعد گوہر نے ممتاز ڈراموں کے ذریعے اداکاری کاآغاز کیا اور مرکزی کردار میں عمدہ کارکردگی کی بدولت گوہر ممتا ز کا کیریئر اداکاری میں بھی نمایاں مقام کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

عاطف اسلم

پاکستان سمیت دنیا بھر میں میوزک سے اپنے کیریئر کا آغازکرنے والے عاطف اسلم کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔پاکستان اور بالی ووڈ میں گلوکاری کے میدان میں خود کو منفرد مقام دلانے کے بعد عاطف اسلم نے فلم ‘بول’ کے ذریعے اداکاری کے شعبے میں بھی خود کو منوایا۔لیکن عاطف سے متعلق یہ کہا جاسکتا ہے کہ عاطف آج بھی اداکاری کی بجائے گلوکاری کو ہی ترجیح دیتے ہیں ۔

میشا شفیع

میشا شفیع بھی پاکستان کے ان فنکاروں میں سے ایک ہیں جنھوں نے اداکاری، ماڈلنگ اور گلوکاری جیسے میدانوں میں شہرت حاصل کی ہے۔ ان کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ پاکستانی اور بولی وڈ کی ہی نہیں ہالی وڈ کی فلم میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔ میشا بنیادی طور پر گلوکار ہ ہیں ۔جنھوں نے عارف لوہار کے ساتھ کوک اسٹوڈیو میں ‘الف اللہ جگنی’ گا کر شہرت سمیٹی تھی اور اس گانے کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پاکستانی گیت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔