منشیات اسمگلنگ، فرانس میں پی آئی اے کا فضائی میزبان اور ساتھی گرفتار

March 11, 2018

پیرس(رضاچوہدری، خبر ایجنسی) پاکستان قومی ایر لائینز پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 750 اسلام آباد سے براستہ میلان پیرس پہنچنے پر میزبان پی آئی اے گلزار تنویر سے چار کلو ہیروئن برآمد بعد ازں گلزار تنویر کے ساتھی محمد معین کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق گلزار تنویر نے چار کلوہیئروئن اپنے جسم کے ساتھ باندھ رکھی تھی۔ان کے مطابق ان کو قبل ازوقت اطلاع تھی کہ پاکستان سے بھاری مقدار میں منشیات فرانس اسمگل کی جارہی ہے جس پر اس فلائٹ کی تلاشی لی گئی۔ دوسری جانب ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق اب دیکھنا یہ ہے کہ فضائی میزبان کو فرانس میں سزا ہوتی ہے یا اسے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے، قومی ایئرلائن نے تنویر گلزار کو معطل کر دیا ہے اور الزامات ثابت ہو گئے تو اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا جائے گا۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ’’سیکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذ مہ داری نہیں ہوتی،یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ سیکیورٹی مراحل سے گزار کر منشیات کو طیارے میں کیسے پہنچایا گیا۔‘‘کراچی سےاعظم علی کے مطابق پیرس میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں پی آئی اے فضائی میزبان کی گرفتاری کے بعد سیکریٹری سول ایوی ایشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمے داروں کی نشاندہی کے لئے پی آئی اے، پاکستان کسٹم ، اینٹی نارکوٹک فورس سمیت 6 اداروں کے سربراہوں سے جواب طلب کرلیا ہے۔