شارجہ: اسلام آباد کے ہاتھوں کوئٹہ کو 6وکٹ سے شکست

March 16, 2018

پی ایس ایل تھری کے لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹ سے ہرا دیا، جبکہ اسلام آباد کے جے پی ڈومنی بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے گئے۔

اسلام آبادیونائیٹڈ نے 148رنز کا ہدف باآسانی 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ٹیم کی جانب سے جے پی ڈومنی54رنز اسکور کرکے نمایاں رہے،راحت علی نے ان کا شکار کیا جبکہ ان کا کیچ حسن خان نے پکڑا۔اس وقت ٹیم کا اسکور 129رنز تھا اور ان کو جیت کے لیے 19گیندوں پر 19رنز درکار تھے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

پھر اسلام آباد نے میدان میں آصف علی کو اْتارا جبکہ اس سے پہلے حسین طلت میدان میں پہلے سے ہی موجود تھے، تاہم میچ کے آخری لمحات میں دونوں کھلاڑیوں نے زبردست طریقے سے اسکورنگ کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

حسین طلت نے 17گیندوں پر 2چھکوںاور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 28رنز بنائے جبکہ آصف علی نے بھی 7گیندوں پر 2چھکوں کی مدد سے18رنز بنائے اور دونوں ہی بیٹسمین آخر تک ناقابل شکست رہے۔

اس سے پہلے اسلام آباد اپنی اننگز کی ابتداء میں آغاز اچھا نہ کر سکی تھی اور صرف 13رنز کے اسکور پر انہیں لیوک رونکی کی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا، جو 10رنز کے اسکور پر راحت علی کے ہاتھوں بولڈہوئے، بعد میں ایلکس ہیلز 16رنز بنا کر میر حمزہ کا شکار بنےاور کیچ واٹسن کے حصے میں آیا۔

شاداب خان کی وکٹ شین واٹسن کے حصے میں آئی ، جو 18رنز اسکور کرکے بولڈ ہوئے تاہم کوئٹہ کی جانب سے راحت علی 2جبکہ شین واٹسن اور میر حمزہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 148رنز کا ہدف مقرر کیا تھا، ٹیم کی جانب سے نمایاں کارکردگی کپتان سرفراز احمد کی رہی، انہوں نے 30گیندوں پر 2چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43رنز اسکور کیے اور حسین طلت کے ہاتھوں بولڈہوئے جبکہ عمر امین 28 رنز بنا سکے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

دیگر آئوٹ ہونے والے بیٹسمین میں انور علی اور محمد نواز تھے، جو اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 2 اور ایک رن بنا چلتے بنے تاہم رائلی روسوو 16 اور حسن خان 15رنز کے اسکور پر ناقابل شکست رہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اچھا ہدف ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 19رنز عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عماد بٹ 2 وکٹیں حاصل کرسکے جبکہ حسین طلت اور سمیت پٹیل ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

سرفراز کی گلیڈی ایٹرز بھی اپنی اننگز کے دوران مشکلات سے دوچار رہی، ٹیم کے ابتدائی بیٹسمین اسلام آباد کے بولرز کے سامنے ٹک نہ سکے تھے، جن میں جیسن روئے17، شین واٹسن 8 اور کیون پیٹرسن 7رنز کے ساتھ شامل ہیں، انہیں یونائیٹڈ کے بولرز سمیت پٹیل، فہیم اشرف اور عماد بٹ نے نے پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ادھر یہ واضح رہے کہ آج کے میچ کے بعد اسلام آباد 9میچوں میں 7میچ جیت کر 14پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پورے 10میچز کھیل لیے ہیں، جس انہیں 5 میچوں میں کامیابی اور 5 میں ہی ناکامی ہوئی تھی۔

کل پاکستان سپر لیگ تھری میں 2میچز ہوں گے، جہاں پہلا مقابلہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا ہوگا، جبکہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔