رانی پور ، موٹر سائیکل کی ٹکر سے گرنے والا نوجوان جاں بحق

March 17, 2018

رانی پور(نامہ نگار)رانی پور میں قومی شاہراہ پر ڈرائیوروں کی رہنمائی کے لئے لگائی گئی کیٹ آئیز کی کیل لگنے سے نوجوان جاں بحق، نوجوان سکندر شاہ موٹر سائیکل کی ٹکر لگنے سے شاہراہ پر گر پڑا اور ناکارہ کیٹ آئیز کی نکلی ہوئی کیل اس کے سر میں داخل ہو گئی جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔ واضح رہے کہ قومی شاہراہ پر غیر معیاری کیٹ آئیز کی کیلیں ظاہر ہو گئی ہیں ان کے اوپر سے گاڑیوں کے گزرنے سے ٹائر برسٹ ہوجاتے ہیں اور کئی حادثات رونما ہوئے ہیں جس کی وجہ سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں اور مزید حادثات کا خدشہ ہے علاقے کی سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے وزیر مواصلات،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین اور اعلی افسران سے مطالبہ کیا ہے غیر معیاری کیٹ آئیز لگانے میں کرپشن کی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔