لاہور:4افرادکی ہلاکت کاواقعہ،نیا رخ اختیارکر گیا

March 18, 2018

لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں گھر کے سرونٹ کوارٹرمیں آگ لگنے سے میاں بیوی اور دو بچوں کی ہلاکت نیا رخ اختیار کرگئی ہے،ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچوں کے گلے کاٹے جانے اور ماں کا گلا دبائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن کے ایک گھر کے سرونٹ کوارٹرمیں گزشتہ رات آگ لگنے سے گھریلو ملازم سرفراز اسکی بیوی اور دوبچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے،پولیس کو موصول ہونے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے چار افراد کی ہلاکت کا کیس نیا رخ اختیار کرگیا ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کےمطابق جھلسنے سے قبل دونوں بچوں کے گلےتیزدھار آلے سے کاٹے گئے جبکہ انکی ماں کا گلا دبایا گیااور باپ سرفراز کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔

واقعہ کے خلاف جاں بحق افراد کے لواحقین نے گرین ٹاؤن میں لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج بھی کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور فرانزک رپورٹ آنے پر حتمی طور حقائق سامنے آئیں گے ۔