ڈاکٹر عاصم و دیگر کیخلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر نہ کرنے پر درخواست دائر

March 18, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 2 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ ملزمان کے خلاف 17 ارب روپے ریفرنس میں سپلیمنٹری ریفرنس دائر نہ کرنے پر درخواست دائر کردی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کیخلاف گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 24؍ مارچ تک ملتوی کر دی۔ ہفتے کو کراچی کی احتساب عدالت میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم و دیگر کیخلاف کرپشن کے دو ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرعاصم سپریم کورٹ میں مصروف ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔ ملزم بشارت مرزا کے وکیل اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی جس میں کہا گیا کہ ریفرنس میں او جی ڈی سی ایل اور ایس ایس جی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ملزم نہیں بنایا۔ فرد جرم میں ملزم بشارت مرزا کو عائد الزامات کا بھی نہیں بتایا گیا۔ عدالت نے ملزم بشارت مرزا کی درخواست پر نیب پراسکیوٹر کو نوٹس جاری کردئیے۔ 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں گواہ انور سہتو نے عدالت میں کہا کہ میں نے موجودہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی ملزم نامزد کرنے کیلئے نیب کو درخواست دی تھی ۔نیب نے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو مرکزی ملزم نامزد ہی نہیں کیا اور نہ ہی سپلمنٹری ریفرنس دائر کیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس میں کسی کو ملزم نامزد کرنا نیب کا کام ہے عدالت کا نہیں۔ عدالت نے 462ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت گواہ کی عدم حاضری پر 26مارچ اور 17ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے خلاف گواہوں کو طلب کرلیا۔