یوم تاسیس پرمتحدہ دھڑوں کےالگ الگ جلسے

March 18, 2018

ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں کے درمیان معاملات طے نا پاسکے، دونوں دھڑے ایم کیو ایم پاکستان کا یوم تاسیس آج دو مختلف مقامات پر منائیں گے۔

کراچی کا سیاسی درجہ حرارت آج گرم رہے گا، جہاںایم کیو ایم بہادر آباد کی جانب سے نشترک پارک میں جلسہ ہوگا جبکہ پی آئی بی لیا قت آباد فلائی اوور پر پنڈال سجائےگی۔

ایم کیو ایم پاکستان آج منارہی ہے اپنا یوم تاسیس، مگر ہمیشہ کی طرح یہ یوم تاسیس ایک مقام پر نہیں بلکہ دو مختلف مقامات پر منایا جارہا ہے کیونکہ بہادرآباد اور پی آئی پی گروپ کی جانب سے اس مرتبہ کیا جارہا ہے اپنا اپنا پاور شو۔

ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ نے نشترپارک میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، پارٹی پرچموں سے جلسہ گاہ کو سجایا جارہا ہے جبکہ جلسے سے ایک روز قبل بسنت میلے کا بھی اہتمام بھی کیا گیاتھا۔

ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سینئر ڈپٹی کنوینر عامرخان جلسےسے خطاب کریں گے،جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے جلسے سے ڈاکٹر فاروق ستار خطاب کریں گے۔

جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے فاروق ستار نے شہر کےمختلف مقامات کے دورے بھی کیے ،اپنے دورے کےدوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فارو ق ستار کا کہنا تھا کہ انہیں خود دو جگہ یوم تاسیس منانا اچھا نہیں لگ رہا ہوسکتا ہے کہ وہ آج کے جلسے میں کوئی بڑا اعلان کریں۔

ادھر ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں کی جانب سے اپنے اپنے جلسوں میں کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کےدعوے کیے جارہے ہیں۔