لیبیا، سیف الاسلام قذافی کا صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

March 19, 2018

لیبیا کے سابق مقتول صدر معمر قذافی کے صاحبزادے سیف الاسلام قذافی نے ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور ملک میں اصلاحات کا نیا نظام متعارف کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

العربیہ کے مطابق لیبیا میں صدارتی انتخابات سے چھ ماہ قبل مقتول لیڈر معمر قذافی کے صاحبزادے سیف الاسلام نے کہا ہے کہ وہ مستقبل کا نیا ویژن پیش کریں گے اور تمام شعبوں میں جامع اصلاحات کا نظام متعارف کرائیں گے۔

انہوں نے اپنے سیاسی اور اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کے لیے ایمن ابو راس کو ذمہ داری سونپی ہے۔

واضح رہے کہ مقتول کرنل معمر قذافی کے دوسرے بیٹوں کے برعکس سیف الاسلام القذافی جیل سے رہائی کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بیانات جاری کرتے رہے ہیں مگرعملی طور پر وہ تاحال سیاسی اکھاڑے میں نہیں اترے۔

انہیں گزشتہ برس پارلیمنٹ کی جانب سے قذافی دور کے قید کیے گئے افراد کے عام معافی کے قانون کے مطابق جیل سے رہا کیا گیا تھا۔