یونی لیور کاپاکستان میں 120 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

March 20, 2018

کراچی(پ ر)یونی لیور نے پاکستان کی طویل المدت افزائش کے بہتر امکانات کا اعتراف کرتے ہوئے ملک میں 120 ملین امریکی ڈالر(11 بلین پاکستانی روپے)کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان یونی لیور پاکستان کے ایک وفد کی طرف سے کیا گیا جس نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی۔اس میں سے زیادہ تر سرمایہ کاری اگلے دو سال کے دوران پاکستان میں یونی لیور کی 4 فیکٹریوں میں مینو فیکچرنگ آپریشنز بڑھانے پر کی جائے گی۔مشیر خزانہ نے یونی لیور کی اس کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ملک کی افزائش کی امکانی صلاحیت اور اس میکرو اکنامک استحکام کا اعتراف ہے جو اس نے موجودہ حکومت کے چار سالوں کے دوران حاصل کیا ہے۔یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کی چیئرپرسن اور سی ای او،شازیہ سید نے کہا کہ ہم لگ بھگ 70 سال سے پاکستان کی ترقی کا حصہ ہیں۔یہ سرمایہ کاری لوکل آپریشنز اور پاکستان کی معاشی ترقی کے مکانات کے بارے میں یونی لیور کے پختہ عزم کی تجدیدہے۔