جمہوریت کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا، فضل الرحمٰن

March 20, 2018

کبیروالا (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد اور رکن قومی اسمبلی مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں مخصوص لابی نے اہم کردار ادا کیا، جمہوریت کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا کردار محدود کرنا ہوگا، مدارس ہمارے قلعے ہیں‘میلی آنکھ سے دیکھنے والوں سے نمٹناجانتے ہیں، کشمیرکے مسئلے پرپاکستان کو کسی عالمی دباؤمیں نہیں آنا چاہئے۔ مرکزی دارالعلوم عیدگاہ کبیروالا میں سالانہ تقریب ختم بخاری شریف کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس دین اسلام کے مضبوط قلعے ہیں حکمران قومی دھاروں میں لانےکے نام پر مدارس میں اپنا ایجنڈا نافذ کر نا چاہتے ہیں‘قومی ایجنڈا نافذ کرنےکی بجائے حکومت بیرونی آقاؤں کےاحکامات کی تعمیل کرناچھوڑدے‘پاکستان میں قائم ہونے والی ہرحکومت نے مدارس کونقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کی مگرانہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ‘مشرف کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج تک پوری پاکستانی قوم کوبھگتنا پڑرہا ہے‘دہشتگردی سےمکمل نجات حاصل کرنےکیلئےتمام سیاسی ودینی جماعتوں کو ایک نقطہ پر متحدہونا پڑے گا۔ انہوں نےکہاکہ متحدہ مجلس عمل مکمل طورپرفعال ہوچکی ہے‘ آئندہ اجلاس میں تمام عہدیداروں کا چناؤکرلیاجائیگا۔