سماعت ضلع کی بنیاد پرہوگی، حلقہ بندیوں پر اعتراضات صرف ہم سنیں گے، الیکشن کمیشن

March 20, 2018

اسلام آباد (این این آئی، آئی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات صرف کمیشن ہی سنے گا، اوور برڈن ہو جائیگا تاہم ہم کوشش کریں گے ،ہمیں مقررہ وقت میں اعتراضات نمٹانے کیلئے رات تک بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے ،تمام اعتراضات کو ضلع کی بنیاد پر سناجائیگا۔پیر کو الیکشن کمیشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کیس کی سماعت ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن کی۔ سماعت پر عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ شاہد گوندل نے کہا کہ ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، ہائی کورٹ میں کیس کا فیصلہ نہیں ہوا ۔ الیکشن کمیشن نے معاملہ ہائیکورٹ میں ہونے کے باعث کیس کی سماعت19 اپریل تک ملتوی کر دی۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے عمران خان، بلال یاسین، کیپٹن صفدر،طلال چوہدری، پرویز رشید سمیت دیگر کو نوٹسز کیے تھے۔اس موقع پر ایڈوکیٹ شاہد گوندل نے کہا کہ اس کیس سے ہٹ کر سوال کرنا چاہتا ہوں،حلقہ بندیوں پر اعتراضات کیلئے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائیگا ؟کیونکہ 800سے اوپر اعتراضات آچکے ہیں جس پر الیکشن کمیشن کے بینچ نے ریمارکس دیئے کہ اعتراضات صرف کمیشن ہی سنے گا ، اوور برڈن ہو جائیگالیکن ہم کوشش کرینگے،ہمیں مقررہ وقت میں اعتراضات نمٹانے کے لیے رات تک بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے ،تمام اعتراضات کو ضلع کی بنیاد پر سناجائے گا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے نامزد دو افسران پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی سے الگ ہو گئے، جسکے باعث کمیٹی فارن فنڈننگ کیس سے متعلق اپنے کام کا آغاز نہ کر سکی، 27؍ مارچ کو یہ معاملہ پھر الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا جائیگا، تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔