صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ’’نظام مصطفےٰ متحدہ محاذ‘‘ کےصدر منتخب

March 20, 2018

کراچی (جنگ نیوز) ملک بھرکی سنی سیاسی ودینی جماعتوں اور مشائخ عظام کے وسیع تراتحاد ’’نظام مصطفےٰ ﷺ متحدہ محاذ‘‘ کے قائدین کا اجلاس ملتان میں ہوا جس میں نظام مصطفےٰ متحدہ محاذ کے انتخابات عمل میں آئے نظام مصطفےٰ متحدہ محاذ کے سرپرست اعلیٰ سرپرست اعلیٰ ،پیر سید منور حسین جماعتی ،چیئرمین صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی ،سینئر وائس چیئرمین ثروت اعجاز قادری،صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نائب صدر پیر معصوم نقوی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا قادری، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عثمان خان نوری، چیف آرگنائزر قاضی عتیق الرحمن کو منتخب کیا گیاجبکہ صاحبزادہ اویس نورانی اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے کیونکہ انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کنونیئر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کی جس میں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر،ڈاکٹر عابد سلطان،سید غلام رضوانی جیلانی،محمد شاداب، امانت علی زیب امیر احمد اعوان ایڈووکیٹ، میاں جلیل احمد شرقپوری ،صاحبزادہ سلطان محمد حیات ، خالد حبیب الہیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں قرار داد کے ذریعے کہاگیا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے دوران پیر صاحب پگارا اور پیر صاحب بھرچونڈی کے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار پر اہل سنت میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور نظام مصطفی متحدہ محاذاس کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ذمہ دارافراد کے خلاف کارروائی کرے۔اجلاس میں سید دربار شاہ کے بہیمانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا کہ اگر اولیاء و صوفیہ کے وارثوں کے ساتھ یہ وحشیانہ سلوک ہوگا اور ان کا ناحق خون بہایا جائے گا تو شاہ عبدالطیف بھٹائی کی سرزمین کی بدنامی ہوگی اور ہر طبقے میں عدم تحفظ پیدا ہوگااس لئے نظام مصطفےٰ متحدہ محاذ مطالبہ کرتا ہے کہ اس وحشیانہ قتل کے ذمہ دارافراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے اور حق وانصاف کے تقاضے فوری طور پر پورے کئے جائیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بدکرداراور مفادپرست عناصر سے تنگ عوام صالح قیادت کی متلاشی ہے،پاکستان بنانے والوں کے جانشین نظام مصطفےٰ ﷺ متحدہ محاذ کی صورت میں ملک کو مستحکم کرنے والی قیادت دے رہے ہیں جو عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گا۔