شریف فیملی کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

March 20, 2018

شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج پھر احتساب عدالت میں ہوگی، جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء عدالت میں پیش ہوں گے اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء احتساب عدالت میں لندن فلیٹس ریفرنس سے متعلق اکٹھی کی گئی دستاویزات پیش کرنے کے ساتھ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

واجد ضیاء جے آئی ٹی کی اصل رپورٹ اور ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں گے، عدالت نے واجد ضیاء کو دستاویزات ترتیب میں لے کر آنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں پیش ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واجد ضیاء کا بیان مکمل ہونے پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز جرح کریں گے۔